لاہور میں آٹے اور چینی کی سپلائی بہتر نہ ہو سکی


لاہور: لاہور میں آٹے اور چینی کی سپلائی بہتر نہ ہو سکی، مارکیٹ میں صارفین کو سرکاری نرخوں پر چینی  اور آٹا دستیاب نہ ہوسکا۔

لاہور شہر میں پہلے بیس کلو کا تھیلا ناپید ہوا، اب پندرہ کلو والا آٹے کا تھیلا بھی غائب ہو گیا۔

شہری یوٹیلٹی اسٹورز پر یہ امید لیے پہنچتے ہیں کہ دونوں اشیاء موجود ہوں گی، لیکن اکثر اسٹورز پر چینی تو دستیاب ہے لیکن آٹا نہیں۔ شہری اسحاق علی اور رحمت خان کا کہنا تھا کہ  یوٹیلٹی اسٹورز پر کوئی چیز ہوتی ہے اور کوئی نہیں۔

یوٹیلٹی اسٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چیزوں کی ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی سے ہی مشکل سے چھٹکارا حاصل ہو گا۔

لاہور میں واقع ایک  یوٹئلیٹی اسٹور کے منیجر میاں اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جو چیزیں ہیں، ہم ان کو لوگوں کی سہولت کے تحت دے رہے ہیں

حکومت نے فی کلو چینی کی قیمت ستر روپے مقرر کر رکھی ہے، تاہم بازار میں ایک سو پانچ سے ایک سو دس روپے فروخت ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمت100روپے فی کلو ہوگئی

شہری کہتے ہیں ان کی مشکلات حل کرنے کیلئے انتظامیہ کہیں موجود نہیں ہے۔

خیال رہے کہ 22 اگست کو لاہور میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔

لاہور میں چکی اونر ایسوسی ایشن نے چکی آٹا کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے فی کلو آٹا 72 سے 76 روپے کر دیا تھا۔ چکی اونرز ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ اگر گندم کی قیمت کم نہ ہوئی تو آٹا 80 روپے فی کلو کر دیا جائے گا۔

سیکریٹری جنرل چکی اونرز ایسوسی ایشن عبدالرحمان نے کہا تھا کہ گندم کی فی من قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2 ہزار 300 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل غلہ منڈی میں گندم کی فی من قیمت ایک ہزار 800 روپے میں دستیاب تھی


متعلقہ خبریں