اسلام آباد میں جرائم بڑھ گئے، امریکی سفارتخانے کی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت



اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے جرائم کے پیش نظر امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم کی شرح بڑھ گئی ہے۔ اسٹریٹ کرائمز کے زیادہ واقعات سیکٹر جی سکس، سیون، ایف سکس، سیون اور ایف ٹین میں ہو رہے ہیں۔

ؤسیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین میں بھی جرائم کی شرح بہت بڑھ گئی ہے۔ وفاقی دارلحکومت میں ڈکیتیاں، موبائل اور پرس چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھینی جا رہی ہیں۔ امریکی شہری اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں سفر کے دوران محتاط رہیں۔ امریکی شہری قیمتی اشیا لے کر باہر نہ نکلیں۔ مارکیٹ میں زیورات پہن کر نہ جائیں۔ بینک کا اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت احتیاط کی جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے امریکن سفارتخانے کے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق امریکی بیان میں جن علاقوں کا ذکرکیا گیا ہے ان میں ایسا کوئی وقوعہ پیش نہیں آیا۔

اسلام آباد میں گزشتہ سالوں کی نسبت سٹریٹ ودیگر سنگین نوعیت کے جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔امریکن سفارتخانے کا بیان مفروضوں پر مبنی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح بہت کم ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ وقتاََ فوقتاََ ایسی ہدایات جاری کرتا رہتا ہے۔ امریکی سفارتخانے کا جرائم کو جانچنے کا طریقہ مختلف ہے اور ہم اس کے ساتھ اتفاق نہیں کرتے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا امریکی سفارتخانے نے جن علاقوں کی نشاندہی کی پولیس ریکارڈ میں وہاں سے کوئی شکایت درج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو فیملی اسٹیشن قرار دیا ہے۔

ہم نیوز کو دستیاب پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 7 ماہ میں قتل، ڈکیتی، راہزنی، موبائل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق رواں سال 7 ماہ کے دوران قتل کے78، ڈکیتی کے10، سرقہ بالجبراور موبائل چھیننے کے 180، نقب زنی کے112، چوری کے 174 اور موٹرسائیکل چوری کے 155 واقعات رپورٹ ہوئے۔


متعلقہ خبریں