کراچی میں اسکول کا پہلا روز، طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق


کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے بعد اسکول کے پہلے روز طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عائشہ منزل میں نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ 14 سالہ اریبہ آصف سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اسکول انتظامیہ کی کوتاہی سے بچی جاں بحق ہو گئی کیونکہ انتظامیہ بچی کو اسپتال لے کر نہیں گئی اور نہ ہی بچے کے گھر والوں کو فوراً اطلاع دی۔ بچی کی موت کی تصدیق کے بعد اسکول ٹیچر فرار ہو گیا۔

واقعہ کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار میمن اور عامر انصاری بھی شامل ہیں۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے نجی اسکول کی سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہونے والی طالبہ کی خبر پر فوری نوٹس لے لیا۔

صوبائی وزیر نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی سے فوری طور پر واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی مکمل تحقیقات کی جائے کہ سانحہ کیسے ہوا اور سانحہ کے بعد اسکول کی انتظامیہ نے کیوں فوری طور پر بچی کو اسپتال نہیں پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد:کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر تعلیمی ادارہ سیل

ڈی جی پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی نے کہا کہ صوبائی وزیر کی ہدایات پر فوری طور پر ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز نے اسکول کا دورہ کیا ہے۔ سانحہ کے حوالے سے تمام حقائق کی تحقیقات کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں