پی آئی اے نے عراق کیلئے خصوصی پروازوں کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


کراچی: قومی ائر لائن (پی آئی اے) نے اربعین کے موقع پر عراق کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق خصوصی پروازیں 27 ستمبر سے 5 اکتوبر تک چلائی جائیں گی جبکہ پی آئی اے نے نجف اور بغداد کے لیے خصوصی پروازوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

قومی ائر لائن کی خصوصی پروازیں کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے نجف اور بغداد کے لیے روانہ ہوں گی جس میں زائرین کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان اور دیگر شہروں سے پرکشش کرایہ متعارف کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے: یورپ میں عائد پابندی کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ

قومی ائر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے کہا کہ خصوصی پروازوں کا انعقاد پی آئی اے کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے۔

دو ہفتے قبل قومی ائر لائن نے اندرون ملک پرواز کے کرایوں میں بھی نمایاں کمی کی تھی۔

پی آئی اے نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان نیا پیکج متعارف کرواتے ہوئے 20 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ صرف 7 ہزار 4 سو روپے جبکہ دو طرفہ کرایہ صرف 13 ہزار 5 سو کر دیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ نئے کرایوں کا اطلاق فوری ہو گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔

قومی ائرلائن نے 21 اگست کو بھی کرایوں میں کمی کرتے ہوئے یکطرفہ کرایہ  سات ہزار 879 روپے مقرر کیا تھا اور مسافر صرف دستی سامان ہی ہمراہ لے جاسکتے تھے۔ اضافی سامان کیلئے پی آئی اے کی ٹکٹ آٹھ ہزار 543 رکھی گئی تھی۔

اس سے قبل جولائی2020 میں بھی قومی ائیرلائن نے اندورن ملک کرایوں میں کمی کی تھی۔ جولائی میں  کراچی سے اسلام آباد کا یکطرفہ کرایہ 9572 روپے کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں