راوی ریور منصوبے میں نیا پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان



لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی ریور منصوبے میں مجھے نیا پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے۔

راوی فرنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کی ترجیح پیسہ بنانا تھا، یہ لوگ ملک کو قرضوں کی دلدل میں چھوڑ کر چلے گئے، ان قرضوں کی واپسی کے لیے مشکل معاشی فیصلے کیے ہیں اس لیے مشکلات پیش آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کچھ لوگ مشکل حالات کو نیا پاکستان سے جوڑ رہے ہیں۔ ایک گھر کو بھی ٹھیک کرنےمیں وقت لگتا ہےجس انسان کے خواب بڑے ہوتے ہیں وہی کامیاب ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ غریبوں کاخیال رکھنے کے لیے پناہ گاہ کا تصورلائے ہیں، پناہ گاہوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار لوگوں کو اپنا گھر بنانے کا موقع دے رہے ہیں،غریب طبقے کے لیے ہاوَسنگ شعبے میں 30 ارب کی سبسڈی دی ہے۔

عمران خان شہریوں کو کورونا سے بچانے والے عالمی رہنماؤں میں سب سےکامیاب قرار

انہوں نے کہا کہ 40 فیصد لاہور میں کچی آبادیاں ہیں، ہم نےغریب لوگوں کے لیے نہیں سوچا،ماضی میں صرف ایک خاص طبقے کے لیے فیصلے کیےگئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب کورونا آیا تومجھے سخت لاک ڈاوَن لگانے کا کہا گیا، مجھے مزدور اورغریبوں لوگوں کی فکر تھی کہ جب انہیں گھر میں بند کر دیں گے تو ان کا کیا بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ مکمل لاک ڈاوَن لگاتا توغریب طبقے کا بہت براحال ہوتا۔ ہندوستان میں غریب طبقے کا نہیں سوچا گیا جس کی وجہ سے وہاں آج بحران ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ طرز پر فلاحی ریاست بنائیں گے جہاں غریب طبقے کا خاص خیال رکھا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ہم نےسب سے پہلے ہیلتھ کارڈ دیا۔ خیبرپختونخوا میں تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ دیئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 سال پہلے جب شوکت خانم اسپتال کے لیے زمین دی گئی تو وہاں صرف کھیت تھے اس کی تعمیر میں بھی رکاوٹیں پیش آئیں اور نمل یونیورسٹی بناتے وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں