سندھ: کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق، 341 متاثر


کراچی: سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق جب کہ عالمی وبا سے مزید 341 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ  بھر میں کورونا کیسز کی تعداد  ایک لاکھ 32 ہزار 591 تک پہنچ چکی ہے جب کہ وبا سے ہونے والی اموات 2 ہزار 448 ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ  میں کورونا کے 165 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 19 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

پاکستان میں کورونا کیسز میں مستقل کمی

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے مزید 173 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے، لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔

پاکستان میں کورونا سے اٹھارہ مارچ کو پہلی موت رپورٹ ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاو میں کمی کے بعد کراچی میں قائم آئیسولیشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ اجلاس میں ایکسپو سینٹر اور پی  اے ایف میوزیم میں قائم فیلڈ آئیسولیشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ کیا  گیا

چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کےمریضوں  کے لئے اسپتالوں میں جگہ  موجود ہے،، اس لئے آئیسولیشن سینٹرز بند کردیئے جائیں گے۔

کورونا وبا  کے بعد 19 مارچ کو حکومت سندھ  نے پاک فوج کے تعاون سے کراچی ایکسپو سینٹر میں 10 ہزار بستروں کا اسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا  تھا۔ 23 مارچ کووزیراعلیٰ نے ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کے لیے 1 کروڑ 12 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔

یہ رقم پاک فوج کے حوالے کی گئی۔ 2 اپریل کو ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔

17 اپریل کو پہلے کورونا پازیٹو مریض کو ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال سےفارغ  کیا گیا۔ 26 اپریل کو   ڈالمیا گراونڈ دارالاحساس منگھوپیر اور پی اے ایف میوزیم کے کنوینشن سینٹر میں  فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ ہوا۔  27 اپریل کو ایکسپو سینٹر میں 1200 سے بڑھا کر 1500 بسترکرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ پی اے ایف میوزیم سائٹ پر 600 اور گڈاپ اسپتال 150 بستروں کا بھی اضافہ کیا گیا۔

21 جون کو پاکستان فوج اور سندھ حکومت کےتعاون سے ایکسپو سینٹر میں ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ قائم کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کورونا آئیسولیشن سینٹرز بند کرنے کے حوالے سے  وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیج کر منظوری لی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں