بل گیٹس کی گمنام ہیروز کی فہرست میں سکندر بزنجو کون ہیں؟

بل گیٹس کی گمنام ہیروز کی فہرست میں سکندر بزنجو کون ہیں؟

فائل فوٹو


بل گیٹس نے کوروناوائرس کے دوران اپنے ممالک میں کمزور طبقے کی خدمت کرنے والے 7 گمنام ہیروز کی فہرست تیار کی ہے جس میں افغانستان اور افریقہ سمیت پاکستان کے نوجوان کو بھی شامل کیا گیا۔

پاکستان میں صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے سکندر برنجو کا نام بھی بل گیٹس کے گمنام ہیروز میں شامل ہے۔

سکندر بزنجو کا تعلق خضدار کے علاقے نال سے ہے اور ان کی عمر29 سال ہے۔ اس پاکستانی نوجوان نے کورونا وائرس کے دوران اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے10ہزار گھرانوں کے راشن کیلئے فنڈز جمع کیے۔

انہوں نے کورونا وائرس کے دوران طبی عملے کے لیے ذاتی حفاظتی آلات، ماسک، فیس شیلڈ اور ہینڈ سینیٹائزر کا بھی انتظام کیا۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے ڈاکٹر خالد اسماعیل، ڈاکٹر یاسر بلوچ کے ساتھ مل کرایک ٹیم تشکیل دی تھی جس نے کرونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دنوں میں غریب لوگوں کی مدد کی اور طبی عملے کو ہر ممکن حفاظتی اشیاء فراہم کیں۔

بل گیٹس نے اسکندر بزنجو کے متعلق لکھا کہ ’بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے کرونا کے خلاف جنگ لڑی اور10 ہزار سے زائد لوگوں میں راشن تقسیم کیا‘۔

سکندر بزنجو کا تعلق بلوچستان سے ہے لیکن وہ رہتے کراچی میں ہیں۔ سکندر بزنجو کے سماجی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے بل گیٹس نے لکھا کہ’ وہ بلوچستان سے کراچی منتقل ہوئے جہاں وہ ایک بزنس اسکول میں منیجر ہیں لیکن وہ اپنے آبائی علاقے میں وبا کے دوران مدد کرنے کی ضرورت سے آگاہ تھے’۔


متعلقہ خبریں