زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں، سینیٹر فیصل جاوید

فیصل جاوید

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زینب الرٹ بل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لے کر آئی اور حکومت زیادتی کے مجرموں کے خلاف سزا کے قانون پر کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کے خلاف قانون ضروری ہے کیونکہ زیادتی کے مجرم بلیک میل کر کے صلح کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں اور جس کے بعد وہ صلح کی وجہ سے رہا کر دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم زیادتی کے مجرموں کو عبرتناک سزا دینے کے حامی ہیں اور زیادتی کے مجرموں کی کیمکل کیسٹریشن کا قانون لایا جائے گا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت زیادتی کے مجرموں کے خلاف سزا کے قانون پر کام کرے گی جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کو سخت سزا دینا ضروری ہے اور اگر زیادتی کے بعد پولیس نے 2 گھنٹے تک کارروائی نہیں کی تو اہلکار کے خلاف کارروائی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، ایف اے ٹی ایف سمیت اہم بلز پیش ہوں گے

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ موٹروے زیادتی کیس میں ملزمان تک پہنچنے میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا تاہم ہم نے پولیس محکمے میں مزید اصلاحات لانی ہیں۔ افسوس کی بات ہے پولیس ماضی میں سیاست کے لیے استعمال ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں انسانی حقوق کی بات کرتے وقت متاثرہ خاندان کی بات ضرور کریں۔


متعلقہ خبریں