میٹرک کے سالانہ امتحان 2021کیلئے نصاب کم کرنے کی منظوری



اسلام آباد: میٹرک کے سالانہ امتحان 2021 کیلئے معمول کے نصاب کو کم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں طلبہ کی سہولت کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے۔ سالانہ امتحان2021 کیلئے نصاب وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ پرآویزاں کردیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ و اساتذہ نصاب ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں تعلیمی ادارے چھ ماہ بند رہے ہیں اور اس دوران پڑھائی نہیں ہوئی۔ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کم وقت کے باعث نصاب مکمل کرنا ممکن نہیں ہے۔

حکومت نے طلبا اور اساتذہ کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے نصاب کم کیا ہے۔ میٹرک کے امتحانات2021 میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق سوالیہ پیپز بنائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں6ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

کورونا وائرس کے بعد حکومت نے پہلے مرحلے میں میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلبہ کو بلایا ہے جبکہ پرائمری کی کلاسز بعد میں شروع ہوں گی۔

پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو 15 ستمبر سے سکول بلایا گیا۔ اس کے ایک ہفتے بعد 23 ستمبر کو چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو سکول آنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام پرائمری سکول کے بچوں کو 30 ستمبر سے سکول جائیں گے۔

اسکول کھلنے کے بعد ایک کلاس روم میں بچوں کی آدھی تعداد کو بٹھایا جائے گا، جیسا کہ اگر ایک کلاس میں 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو سکول بلایا جائے گا۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔


متعلقہ خبریں