بچی کو ہراساں کرنے کا معاملہ، فیاض الحسن چوہان کی سی سی پی او لاہور سے ملاقات


لاہور: سوشل میڈیا پر بچی کو ہراساں کرنے کے معاملے پر نوٹس وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ سے ملاقات ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فیاض الحسن چوہان نے متاثرہ  بچی فاطمہ کے والد سے  بھی ملاقات کی اور فوری انصاف کی یقین دہانی کرادی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایک لڑکا بچی کو عصمت دری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ سی سی پی او عمر شیخ نے نئے سرے سے ایف آئی آر اور تفتیش کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے متاثرہ بچی کے خاندان کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں سی سی پی او کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بہت جلد بدمعاش لڑکا قانون کی گرفت میں ہو گا۔ کسی بدمعاش کو کسی کی ماں، بہن، بیٹی اور مال پر بری نظر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ متاثرہ لڑکی کے خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

مزید پڑھیں: پنڈی بھٹیاں: شہریوں کو ہراساں کرنے اور پیسے بٹورنے والا جعلی انسپیکٹر گرفتار

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم ونگ نے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو وٹس ایپ کے ذریعے ہراساں کرنے والے ملزم گرفتار کر لیا تھا۔

ایف آئی کے کے مطابق کے موبائل سے ویڈیوز اور تصاویر برآمد کر لی گئی تھیں اور مقدمہ بھی درج کر لیا گیا تھا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ ملزم لڑکی کو تصاویر کے ذریعے بلیک میل کررہا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں سائبر کرائم کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والے ریکارڈ کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں گیارہ ہزار مرد و خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔

ریکارڈ کے مطابق پانچ ماہ کے دوران 8 ہزار 2 سو 65 خواتین کو فیس بک کے ذریعے بلیک میل اور ہراساں کیا گیا۔ رواں سال خواتین کو جعلی اکاؤنٹ بنا کر بلیک میل کرنے کی 19 سو 25 شکایات موصول ہوئیں۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق واٹس ایپ کے ذریعے 3 ہزار 6 سو 19 مردو خواتین کو بلیک میل کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔


متعلقہ خبریں