حکومت کا ملک گیر انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

انسداد پولیو مہم کے دوران فائرنگ: دو پولیس اہلکار شہید

اسلام آباد: حکومت نے پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق قومی انسداد پولیو مہم 21 سے 25 ستمبر کو منعقد ہو گی۔ قومی انسداد پولیو مہم تین روز، جبکہ دو روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی۔

ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں چلائی جائے گی۔ قومی انسداد پولیو مہم میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔ قومی انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لیں گے۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہو گا۔ انسداد پولیو ٹیموں کو کورونا ایس او پیز بارے تربیت فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ذیلی انسداد پولیو مہم 130 اضلاع میں 13 تا 21 اگست منعقد ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک ماہ قبل میں لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق انسداد پولیو پروگرام پنجاب کی انچارج سندس ارشاد نے بتایا تھا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہر ماہ 11 تاریخ کو پولیو وائرس کے لیے ماحولیاتی سیمپلز لیئے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث انسداد پولیو مہم کافی عرصہ تک رکی رہیں جس کے باعث پولیو وائرس کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے  پنجاب میں پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد رواں سال بیماری سے متاثرہ بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

ترجمان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق صوبے میں  پولیو کے کیس ضلع  ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سے رپورٹ ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں پولیو سے متاثرہ بچے کی عمر آٹھ ماہ ہے جب کہ بہاولپور میں پولیو سے متاثرہ بچے کی عمر 13 سال ہے۔

ترجمان کے  مطابق ڈیرہ غازی غازی خان میں متاثرہ بچے کے دونوں ہاتھ اور پاؤں متاثر ہوئے، متاثرہ بچہ وفات پا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں متاثرہ بچے کی دائیں ٹانگ متاثر ہوئی ہے، دونوں بچوں کا تعلق متوسط دیہاتی گھرانے سے ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پنجاب میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے،جبکہ ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 67 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں