موٹر وے واقعہ سے متعلق بیان: فیاض چوہان کا شہباز شریف سے استعفٰی کا مطالبہ


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے موٹروے واقعہ سے متعلق بیان پر شہباز شریف سے بطور رکن قومی اسمبلی اور قائد حزب اختلاف مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹر وے زیادتی کیس پر شہباز شریف کو مثبت موقف کے ذریعے قوم کی نمائندگی کرنی چاہیئے تھی،الٹا اپنی دروغ گوئی، کم عقلی اور بےسروپا بیان سے قائد حزب اختلاف نے قوم کو مایوس کردیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کا جھوٹا کریڈٹ لینے پر شہباز شریف کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیئے۔لاہور سیالکوٹ موٹروے پرویز الٰہی کی وزارتِ اعلیٰ کے دوران شروع کی گئی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اس سے پہلے قائد خرافات فرانزک سائنس لیبارٹری کے اپنے دور میں قیام کا بھونڈا دعویٰ بھی کر چکے ہیں، فرانزک سائنس لیبارٹری کی داغ بیل بھی 2017 میں چوہدری پرویز الٰہی نے ڈالی۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے بیان کی وجہ سے سی سی پی او لاہور کی پوزیشن پر کھڑے ہیں، اپنے تمسخرانہ بیان سے شہباز شریف نے متاثرہ خاندان اور پوری قوم کا دل دکھایا، میرا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف استعفیٰ دیں اور قوم سے معافی مانگیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گزشتہ روز موٹر وے واقعہ سے متعلق ایوان میں دیے گئے اپنے بیان پر معذرت کرلی تھی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ایوان میں اپنی بات مناسب طریقےسے نہیں کہہ سکا۔ میری بات سے جو تاثر ابھرا، میرا وہ مطلب نہیں تھا۔ موٹروے واقعہ پر انتہائی افسردہ ہوں۔

اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا کہنا تھا کہ امید ہے حکومت سیالکوٹ موٹروے پر شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ خاتون سے زیادتی کا واقعہ دل دہلا دینے والاتھا۔

خیال رہے کہ تین روز قبل قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا تھا کہ موٹروے، ڈولفن پولیس فورس اور فرانزک لیب نوازشریف کے دور میں بنا۔ فرانزک لیب دنیا کی سب سے بڑی دوسری لیب ہے۔ نوازشریف کے دور میں پولیس ریفارمز کی گئیں۔ پنجاب میں پولیس افسروں کی تعیناتیاں 95 فیصد میرٹ پر ہوتی تھیں۔


متعلقہ خبریں