کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ کا شیڈول جاری


کراچی: کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں آئندہ سال کے لیے داخلوں کا  شیڈول جاری کردیا گیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے تحت کل سے 21 ستمبر تک طلبہ کے داخلہ ٹیسٹ لیے جائیں گے، جس میں نو  ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق کورونا وباء کے پیش نظر سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے یومیہ تین شفٹوں میں آٹھ سو طالب علموں کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

ٹیسٹ میں کراچی کے پانچ ہزار دو سو دو طلبہ سمیت تقریباً نو ہزار دو سو انتالیس طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔ ٹیسٹ کا سلسلہ 21 ستمبر تک جاری رہے گا۔۔

وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا ہے کہ جامعہ کی 28 مختلف لیبس میں ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ رواں سال تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی ساٹھ نشستوں کے لیے بھی داخلہ ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد:کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر تعلیمی ادارہ سیل

جامعہ این ڈی کی انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ کی میرٹ لسٹ 27 ستمبر جبکہ انٹرویوز کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا۔ حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اوپن ڈے اور اورینٹیشن کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں بند تعلیمی ادارے کل 6 ماہ بعد کھل گئے۔  پہلے مرحلے میں میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلبہ کو بلایا گیا ہے جبکہ پرائمری کی کلاسز بعد میں شروع ہوں گی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے چھ ماہ بعد تعلیمی ادارے کھلنے پر کہا کہ طلبا کو تعلیمی اداروں میں واپسی پر خوش آمدید کہتا ہوں، بچوں کی صحت و سلامتی یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ اور طلبا کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عمل کریں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہم تعلیمی ادارے کھلنے پر پہلے دن طلبہ اور بچوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ مگر احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھنا مت بھولیے۔ اسکول انتظامیہ والدین، بچوں اور اساتذہ کو مل کر ان تدابیر پر عمل کرنا ہے۔ کلاس رومز میں مناسب فاصلہ رکھیں، ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، ماسک پہنیں اور سینیٹائزر استعمال کریں۔


متعلقہ خبریں