بی آرٹی بسیں چل رہی ہیں یا جل رہی ہیں؟



پشاور: ایک ماہ کے دوران بس ریپڈ ٹرانزٹ(بی آر ٹی) کی بسوں میں آتشزدگی کے چار پراسرار واقعات سامنے آنے کے بعد بس سروس عارضی طور پر بند کردی گئی ہے۔

ترجمان ٹرانز پشاور کا کہنا ہے کہ بسوں میں آتشزدگی واقعات میں جانی نقصان نہیں ہوا۔ تمام بسوں کی باقاعدہ انسپکشن کے بعد سروس بحال کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے چھوٹے واقعات بظاہرمینوفیکچرنگ فالٹ لگ رہا ہے اور کمپنی کے ماہرین پشاور پہنچ کرگاڑیوں کاجائزہ لے رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بی آرٹی میں تکنیکی خرابی نے ساکھ کو متاثر کیا۔بی آرٹی بسوں کی ٹیسٹنگ سروس اس لیے کی گئی کہ خامیوں کا پتہ چلے۔

ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بسیں انشورڈ ہیں اور صحیح کرنے کے بعد بحال کردی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بس سروس کمپنی کی جانب سے نوٹس ملا ہے۔ کمپنی نے کہا بسوں میں خرابی دورکرنے کے لیے سروس کچھ روز کےلیے معطل کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بس سروس کی بحالی میں کچھ روز لگیں گے۔ بس مشینری کی خرابی پراگر کمپنی نے نوٹس لیا ہے تو اچھی بات ہے۔ وارنٹی کےدوران بسوں کو ہم ٹھیک نہیں کرسکتے یہ کمپنی کی ذمہ داری ہے۔

شوکت یوسفزائی نے کہا کہ تکنیکی فالٹ صرف 2بسوں میں آیا تھا،سب میں نہیں۔ کمپنی نوٹس نہ لیتی اور کوئی حادثہ ہوتا تب بھی مسئلہ ہوتا۔ بس مینوفیکچرنگ کمپنی کاعملہ پشاور میں موجود ہے۔


متعلقہ خبریں