نیپرا نے کے الیکٹرک سے غیر ملکی کنٹریکٹرز کی تفصیلات طلب کر لیں


اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک سے غیر ملکی کنٹریکٹرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

کے الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔ چیف فنانشل آفیسر کے الیکٹرک نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ نظام میں خرابی نہیں ہے لیکن نیپرا کے الیکٹرک کو سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دے ۔

نیپرا نے کے الیکٹرک  سے مختلف شعبوں کے لیے غیر ملکی کنٹریکٹرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ آپ سے اخراجات کی تفصیلات طلب کریں اور اگر پاور پلانٹس میں کے الیکٹرک کی تاخیر ثابت ہو گئی تو ٹیرف میں شامل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

چیف فنانشل آفیسر نے کہا کہ کے الیکٹرک 114 ارب روپے کی سرمایہ کاری مانگ رہی ہے اور اس سرمایہ کاری سے صارفین کے لیے ٹیرف میں 7 پیسے کمی ہو گی۔

چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ 114 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے بعد ٹیرف میں کمی کیسے ہو گی ؟ کے الیکٹرک اس حوالے سے اتھارٹی کو مکمل تفصیلات فراہم کرے۔

کے الیکٹرک حکام نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 9 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک کی بجلی کی طلب 3 ہزار 220 میگا واٹ ہے جبکہ کے الیکٹرک کی بجلی کی سپلائی 2 ہزار 800 میگا واٹ ہے۔ کے الیکٹرک کو اس وقت 400 میگا واٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ 20 فیصد علاقوں میں نقصانات کی شرح بہت زیادہ ہے تاہم مجوزہ سرمایہ کاری سے انسانی ہلاکتوں کے واقعات ختم ہوجائیں گے۔ کے الیکٹرک ہلاکتوں کے واقعات کو صفر کرنا چاہتی ہے


متعلقہ خبریں