اسلام آباد: نیشنل بینک کا منیجر دن دیہاڑے قتل


اسلام آباد: اسلام آباد میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے نیشنل بینک کے منیجر کو قتل کر دیا اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

تھانہ کورال کی حدود میں پیش آئے اس واقعہ کے بارے میں ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سید رضا نقوی نیشنل بینک کے سیلز منیجر صبح اپنے آفس کے باہر پہنچے تو دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں بچی کے اغوا اور قتل کیس میں دو ملزموں نے اعتراف جرم کرلیا

پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا جا رہا ہے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں چوریاں اور ڈاکے بڑھنے لگے ہیں اور ڈی آئی جی ٹریننگ کراچی ناصر آفتاب کا گھر بھی محفوظ نہ رہا۔

ڈاکو جی ٹین میں ان کے گھر سے گولڈ میڈل اور دیگر قیمتی اشیا لے کر فرار ہو گئے۔ جی الیون فور میں ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے زیورات، پاؤنڈز اور موبائل فون لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ نے قصور میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا 

ڈی آئی جی ناصر آفتاب کا گھر تھانہ رمنا کے سیکٹر جی ٹین میں ہے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد پہنچ رہا ہوں پھر ہی مزید تفصیلات سے آگاہ کرسکتا ہوں۔


متعلقہ خبریں