پنجاب کے مختلف شہروں میں تین ٹرینیں چلانے کا فیصلہ


لاہور: پاکستان ریلوے کی انتظامیہ نے پنجاب کے مختلف شہروں کے درمیان  پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت  تین ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریلوے انتطامیہ کے مطابق 20ستمبر سے ماڑی انڈس اور اٹک سٹی کے درمیان اٹک پسنجر ٹرین چلائی جائے گی۔ 20 ستمبر کو ہی جنڈ اور اٹک کے درمیان جنڈ ٹرین چلائی جائے گی۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق 27 ستمبر سے ملتان اور راولپنڈی کے درمیان مہر ایکسپریس چلائی جائے گی۔ فیصلہ عوام کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ’ کراچی سرکلر ریلوے کی تعمیر 2023 کے وسط تک مکمل ہو گی‘

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے کراچی سے پشاور تک  1872 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دے دی تھی۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے فیصلے سے متعلق اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کراچی سے پشاور تک کے منصوبے پر 6ارب ڈالر سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا تھا کہ پشاورسے کراچی تک 1872 کلومیٹرطویل ایم ایل ون منصوبہ ہے۔ حویلیاں میں ڈرائی پورٹ اور والٹن اکیڈمی جدید بنانا منصوبے کاحصہ ہیں۔

خیال رہے کہ 6 جون کو سنٹرل ڈویپلمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے ریلوے ٹریک ایم ایل ون پروجیکٹ منظور کرلیا تھا۔

ڈی ڈبلیو پی کی سفارشات قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کو بھجوادی گئی تھیں.

مزید پڑھیں:  جب تک ایم ایل ون منصوبہ نہیں بنے گا ریلوے ٹھیک نہیں ہو سکتی، شیخ رشید

یاد رہے کہ 18 اپریل 2019 کو پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے کے معاہدے ایم ایل ون پر دستخط ہوئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کی موجودگی میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور چینی وزیر ریلوے نے ایم ایل ون معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

معاہدے پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ آج پاکستان میں ریلوے کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ ایم ایل ون منصوبے کے تحت پشاور سے کراچی تک ڈبل ٹریک بنایا جائے گا جب کہ نئے ٹریک پر ٹرین کی اسپیڈ کم از کم 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار ہو گی۔

انہوں ںے کہا تھا کہ 13 سال پہلے میں نے ہی اس منصوبے کی فیزیبلیٹی رپورٹ پر دستخط کیے تھے۔


متعلقہ خبریں