پشاور بی آر ٹی کی بسیں جلنے لگیں، سروس عارضی طور پر معطل


پشاور: پشاور میں تاخیر سے شروع ہونے والے میگا منصوبے ریپیڈ بس ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے تحت چلنے والی بسیں چلتے چلتے جلنے لگیں، ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے چار واقعات سامنے انے کے بعد بس سروس عارضی طور پر بند کردی گئی۔

کئی تاریخیں دینے کے بعد بی آر ٹی سروس کا آغاز ہوا مگر اس کے ستارے گردش سے باہر نہ نکل سکے۔ ایک ماہ کے دوران بی آر ٹی کی چار بسوں میں آگ لگنے کے واقعات کے باعث سروس غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی گئی ہے ۔

بی آر ٹی بس سروس معطل ہونے سے روزانہ سفر کرنے والے افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان ترجمان ٹرانز پشاور عمیر خان کا کہنا ہے کہ کمپنی کے ماہرین پشاور پہنچ کر گاڑیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بسوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد ہی سروس بحال کی جائے گی ۔

مزید پڑھیں: بی آر ٹی میں تکنیکی خرابی نے ساکھ کو متاثر کیا، شوکت یوسفزئی

ترجمان ٹرانز پشاور نے دعویٰ کیا کہ بسوں میں آتشزدگی کے اب تک کے واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق پشاور بی آرٹی بسوں میں آگ لگنے کے واقعات کے بعد چینی ماہرین نے انسپکشن شروع کردی ہے۔ بی آرٹی کی تمام بسوں کو ازسرنو چیک کیاجارہاہے۔  تکنیکی اعتبارسے کلیئرنس کےبعدسروس بحال کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 13 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ بی آر ٹی پاکستان میں سب سے بہترین پراجیکٹ ہے۔ بی آر ٹی سے ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بی آر ٹی پشاور کا ٹریک 27 کلو میٹر طویل ہے۔ بی آر ٹی منصوبے پر میرے کچھ تحفظات تھے۔ پرویز خٹک کو بی آر ٹی منصوبے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بی آر ٹی پر میرے تحفظات غلط تھے پرویز خٹک آپ ٹھیک تھے۔


متعلقہ خبریں