لندن: نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری پاکستانی ہائی کمیشن کو موصول

فوٹو: فائل


لندن: اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے وصول کر لیے ہیں۔ 

ذرائع ہم نیوز کے مطابق ہائی کمیشن کاعملہ وارنٹ نواز شریف کو پہنچائے گا۔  دفتر خارجہ کو برطانیہ میں ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا گیا ہے ۔

گزشتہ روزاسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے جاری جاری کیے گئے گرفتاری کے وارنٹ سیکرٹری خارجہ کو ارسال کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق وارنٹ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے سیکرٹری خارجہ کو ارسال کئے گئے تھے۔

عدالت نے کہا تھا کہ نواز شریف کی 22 ستمبر اور دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنائی جائے۔  سابق وزیراعظم کے  وارنٹ گرفتاری اسلام آباد ہائی کورٹ نے جاری کیے تھے۔

خیال رہے کہ چند روز العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف ہائی رسک کیٹیگری کے مریض ہیں،میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع

اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر عدالت نے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا تھا کہ کیا اشتہاری ہوتے ہوئے نواز شریف کی اپیل سنی جا سکتی ہے؟

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج  جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کہ اگر نواز شریف کی عدم حاضری پر اپیل سنی جا سکتی ہے تو پھر نیب کو بھی سن لیتے ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا تھا کہ عدالت میں درخواست کیوں دائر کی گئی؟ ابھی توطے کرنا ہے کہ کیا نواز شریف کی درخواست سنی بھی جا سکتی ہے یا نہیں؟

جسٹس عامر فاروق نے کہا تھا کہ پریس میں ایک بات غلط رپورٹ ہوئی کہ اپیلوں پر سماعت کی بات کی گئی۔ ہم صرف نواز شریف کی متفرق درخواستوں پر سماعت کی بات کر رہے ہیں۔

نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کے دوران مؤقف اپنایا تھا کہ نواز شریف کو دوسری عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا ہے اور بغیر سنےاشتہاری قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں