ماحولیاتی تبدیلیاں مستقبل کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں، وزیراعظم

بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں مستقبل کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ سب کو مل کر آئندہ آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانا ہوگا۔

ہالی وڈسپراسٹار آرنلڈ شوار زنیگر کی اپیل پر چوتھے آسٹرین ورلڈ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 20 سال پہلے ماحولیاتی آلودگی کی بات کرنے پر لوگ مذاق اڑاتے تھے، آج ماحولیاتی تبدیلیاں دنیا بھر میں تباہی کا باعث بن رہی ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں گھری ہوئی ہے۔ سائیبریا میں برف کے پہاڑ پگھل رہے ہیں۔ پاکستان کے گلیشیئرز بھی تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ یورپ کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ دنیا کے جنگلات میں آگ لگ رہی ہے۔ سمندری طوفان آرہے ہیں۔

مزید پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر:  تیس برس میں زمین 28 ہزار ارب ٹن برف سے محروم

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سات سال پہلے ون بلین ٹری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک ارب درخت لگانے کا ہدف بہترین طریقے سے حاصل کیا۔ وفاق میں حکومت آئی تو دس ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد اداروں کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے جبکہ گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اب پاکستان ان ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہوئے ہیں۔

زرتاج گل نے کہا کہ تقسیم سے پہلے پاکستان کا جنگلاتی رقبہ 34 فیصد تھا لیکن ٹمبر مافیہ نے جنگلات کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی جریدے وزیر اعظم عمران خان کے گرین پاکستان ایجنڈے کی تعریف کر رہے ہیں۔ 10 بلین ٹری مہم ہمارا ہدف ہے اور گرین پاکستان بنانا ہماری حکومت کا عزم ہے۔


متعلقہ خبریں