پانچ کشمیریوں کی شہادت کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال

فائل فوٹو


مقبوضہ کشمیرمیں پانچ کشمیریوں کی شہادت کیخلاف آج مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

ہڑتال حریت کانفرنس کی اپیل پر کی جا رہی ہے اور نماز جمعہ کے بعد احتجاج بھی کیا جائے گا۔ گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نےسرینگر کے علاقے باٹامولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران  ایک خاتون سمیت پانچ افراد کو شہید کر دیا تھا۔

حریت رہنماوں اور تنظیموں نے سری نگر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی ہے۔ حریت کانفرنس  نے سری نگر میں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکت کو گھناؤنی کارروائی قرار دیتے ہوئے ان واقعات کی بین الاقوامی تحقیقاتی ایجنسی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت، 4 کشمیری شہید

بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف آج بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ سوپور میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لے گئے عرفان احمد نامی نوجوان کو رات گئے شہید کر دیا گیا جبکہ ضلع بارہ مولا میں بھی ایک نوجوان کو سرچ آپریشن کے دوران ہی گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔

ایک ہی دن میں ضلع میں دو نوجوانوں کو شہید کیے جانے پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور بھارتی بربریت کے خلاف نعرے لگائے۔ قابض بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا۔


متعلقہ خبریں