کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید13تعلیمی ادارے بند



اسلام آباد: کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تیار کی گئی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان میں مزید13 تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران13 تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے 10 اورسندھ میں 3 تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کےمطابق صوبے کے بعض تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ اسکولز کو بند کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 تعلیمی ادارے بند

پشاور، قبائلی ضلع ٹانک اور دیربالا میں سرکاری اسکولز بند کرنے کی سفارش کی  گئی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کو 14 اضلاع کے اسکولز سے ایک ہزار236نمونے لیے گئے تھے۔ 13 اسکول ٹیچرز میں کورونا ٹیسٹ مثبت اور 623 کےمنفی آئے تھے۔600کورونا ٹیسٹوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔

پشاور کے نجی اسکول میں بھی کورونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے 2اسکول اور2 کلاس رومز کو 5 دنوں کے لیے بند کرنے کی سفارش کی ہے۔

متاثرہ اسکولزمیں 7 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا سے متاثرہ اساتذہ کو گھروں میں قرنطین کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بھی پاکستان میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر22 تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔خیبرپختونخوا کے16، اسلام آباد میں ایک اور آزاد کشمیر میں 5 تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے۔ سندھ کے ضلع مٹیاری کے 2 کالجز کو بھی 8 اسٹاف ممبر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے  پر بند کردیا گیا تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث بند اسکول15 ستمبر کو کھولے گئے ہیں۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا اور جرمانے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں