خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا


پشاور: خیبر پختونخوا کابینہ میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہرام ترکئی کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا قلمدان سونپ دیا گیا۔ اکبر ایوب کو بلدیات و دیہی ترقی کا قلمدان سونپ دیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق قلندر لودھی کو ریونیو کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔ انور زیب کو زکوٰة وعشر اور خلیق الرحمان کوخوراک کا قلمدان دے دیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق کامران بنگش کو اعلیٰ تعلیم اور اطلاعات کا قلمدان دے دیا گیا۔ ریاض خان کو ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کابینہ میں ردو بدل: وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو طلب کرلیا

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تین صوبائی وزرا عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل خان کو ایک ساتھ خیبرپختونخوا کابینہ سے علیحدہ کیا گیا تھا۔

دو سابق صوبائی وزرا عاطف خان اور شکیل خان ایک عرصے کے بعد جب چند روز قبل کے پی اسمبلی کے اجلاس میں پہنچے تھے تو ان کا اراکین نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا تھا۔

صوبائی اسمبلی کے ایوان میں دونوں سابق صوبائی وزرا کی نشستیں تبدیل کردی گئی تھیں۔ دلچسپ بات ہے کہ اس وقت ان کے ساتھ سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی نہیں تھے۔

عاطف خان اور شکیل خان کی ایوان میں آمد پر پی پی کی رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے یہ مصرعہ بھی پڑھا تھا کہ ’بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے‘۔

یاد رہے کہ 26 جنوری کو خیبر پختونخوا کے گورنر کے پی شاہ فرمان نے صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان، وزیر صحت  شہرام ترکئی اورصوبائی وزیر ریونیو شکیل خان کو عہدوں سے سبکدوش کردیا تھا۔

واضح رہے صوبائی وزیر ریونیو شکیل خان نے انکشاف کیا تھا کہ صوبے میں کچھ اداروں میں کرپشن ہو رہی ہے جس پر مجھ سمیت پی ٹی آئی کے حکومتی ممبران اور ورکرز کو شدید تحفظات ہیں جنہیں وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں