خیبرپختونخوا : کورونا ایس او پیز کے انتظامات نہ ہونے پر 26 اسکول بند

پنجاب حکومت کا صوبے بھر کے تعلیمی ادارے کل بروز ہفتہ بند رکھنے کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز کے انتظامات نہ ہونے  پر 26 اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔

اس ضمن میں وزیر تعلیم اکبر ایوب نے بتایا ہے کہ ایس او پیز پر عمل دارآمد نہ کرنے پر ایک سرکاری اور 25 نجی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ اساتذہ اور اسٹاف کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس اسکول سے کورونا کیس سامنے آئے گا اسے 5 دن کے لیے بند کر دیا جائے گا اور جو اسکول ایس او پیز پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے 2 اسکولوں کو کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد  بند کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن بلوچستان کے مطابق اسکولز میں کورونا کے متاثرہ مریض پائے گئے ہیں، ایک اسکول میں 6 اور دوسرے میں 2 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں اسکولز میں کورونا کیسز کی نشاندہی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے اور انہیں تا حکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باعث سندھ میں 21 ستمبر سے شروع کی جانے والی کلاسز موخر کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اب مڈل کلاسز 21 ستمبر سے شروع نہیں ہوں گی۔ یہ مرحلہ 28 ستمبر تک موخرکیا جارہا ہے۔ ہم صورتحال کا جائزہ لیں اور پھر فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 21 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔

کورونا کیس سامنے آنے پر متعلقہ اسکول فوری بند کر دیں گے، وزیر تعلیم پنجاب

وزیرتعلیم سندھ کہا کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور عملے کے 14 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرائے ہیں۔ کورونا ٹیسٹ کے 89 نتائج مثبت آئے ہیں، جس کی وجہ سے 21 ستمبر سے شروع کی جانے والی کلاسز موخر کررہے ہیں۔

اس سے قبل  ترجمان محکمہ تعلیم سندھ نے کہا کہ کراچی کے 88 اساتذہ سمیت نان ٹیچنگ اسٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ادارے کھلنے سے پہلے 13 ہزار پانچ سو اسٹاف ممبرز کے ٹیسٹ کیے گئے، مزید گیارہ ہزار اسٹاف ممبرز کے ٹیسٹوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہےکہ دو اعشاریہ پانچ فیصد افراد میں کورونا کی تصدیق تشویش ناک ہے۔  مزید ٹیسٹ نتائج سامنے آنے پر اسکولوں  کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں