پنجاب: اسکول کھلنے کے بعد 34 بچوں میں کورونا کی تصدیق

سندھ: کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 312 مریضوں کی حالت تشویشناک

لاہور: پنجاب میں اسکول کھلنے کے بعد پہلے تین دن میں 34 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق  گوجرانوالہ میں مختلف اسکولز میں 24 طلبہ جب کہ ننکانہ صاحب میں 7 بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھکر میں ایک بچے ،ایک اسکول ملازم اور  لودھراں  میں بھی ایک سکول ملازم میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک 14746 سرکاری اور 1566 پرائیویٹ اسکولز کے بچوں کے نمونے لیے جا چکے ہیں،13 ہزار796 نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 34 بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 سے زائد بچوں میں کورونا کی تصدیق ہونے پر اسکول 5 دن کے لیے بند کردیا جائے گا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز کے انتظامات نہ ہونے  پر 26 اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔

اس ضمن میں وزیر تعلیم اکبر ایوب نے بتایا ہے کہ ایس او پیز پر عمل دارآمد نہ کرنے پر ایک سرکاری اور 25 نجی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ اساتذہ اور اسٹاف کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس اسکول سے کورونا کیس سامنے آئے گا اسے 5 دن کے لیے بند کر دیا جائے گا اور جو اسکول ایس او پیز پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے 2 اسکولوں کو کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد  بند کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن بلوچستان کے مطابق اسکولز میں کورونا کے متاثرہ مریض پائے گئے ہیں، ایک اسکول میں 6 اور دوسرے میں 2 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں اسکولز میں کورونا کیسز کی نشاندہی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے اور انہیں تا حکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں