جماعت اسلامی کا خیبرپختونخوا حکومت سے علیحدگی کا فیـصلہ


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی اہم اتحادی جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ کے سربراہ سینیٹر مشتاق احمد خان کے مطابق آئندہ ہفتے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔ یہ اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

بدھ کو سامنے آنے والے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے صوبائی وزراء آئندہ ہفتے اپنے استعفے پیش کردیں گے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرخزانہ مظفر سید آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کریں گے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی بحالی کے بعد حکومت سے علیحدگی وقت کا تقاضہ ہے۔ ہم اچھے طریقے سے حکومت سے علیحدگی چاہتے ہیں تاہم دوسری جانب سے الزامات لگائے گئے تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے جماعت اسلامی کے حکومت سے علیحدگی کے فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن اور حکومت ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہوگئے تو آئندہ ماہ بجٹ پیش کردیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ نگراں حکومت کے حوالے سے  اتحادیوں اور اپوزیشن سے بات چل رہی ہے۔

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان بینک آف خیبر، احتساب کمیشن، قرضوں کے حصول سمیت دیگر کئی معاملات پراختلافات رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں