بلاول کا نواز شریف کو فون، اے پی سی میں شرکت کی دعوت


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے انہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

بلاول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میاں نواز شریف سے ابھی ٹیلی فون پر بات کی،ان کی صحت سے متعلق دریافت کی اور سابق وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کی زیرصدارت 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں باقاعدہ شرکت کی دعوت دی ہے۔

 

 

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کی ٹوئٹ کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے لکھا “شکریہ بلاول بھٹو، آپ کے لیے بہت ساری دعائیں”.

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد اے پی سی ایجنڈے میں شامل کرنے کا فیصلہ

اس سے قبل ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے حزب اختلاف کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کی جگہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف وفد کے ہمراہ اے پی سی میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی شرکت سے متعلق فیصلے سے پیپلز پارٹی کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں نے بھی وفود سے متعلق پیپلز پارٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا 7 رکنی وفد شہباز شریف کی قیادت میں اے پی سی میں شرکت کرے گا جن میں شاہد خاقان عباسی ، خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں