اے پی سی: اپوزیشن جماعتوں کے وفود کے نام پیپلز پارٹی کو موصول


اسلام آباد: حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے 20 کو اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت سے متعلق وفود کے نام پاکستان پیپلز پارٹی کو موصول ہوگئے ہیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی نیئر بخاری کے مطابق پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں پارٹی نے اے پی سی ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی ہے۔  حکومت کی 2 سالہ کارکردگی اور مستقبل کا لائحہ عمل ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے وفود کے نام موصول ہوگئے ہیں۔ ن لیگ کے وفد میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، ایاز صادق، امیر مقام اور مریم اورنگزیب شامل  ہیں۔

مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد اے پی سی ایجنڈے میں شامل کرنے کا فیصلہ

نیئر بخاری کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے وفد میں مولانا فضل الرحمان، اکرم درانی اور عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی اپنے وفود کے نام ارسال کردیے ہیں۔ وفود کے ناموں کی تبدیلی اپوزیشن جماعتوں کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق اجلاس میں گلگت بلتستان کے آنے والے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدواروں کی نامزدگی پر بھی غور کیا گیا۔  اجلاس میں قمر زمان کائرہ، امجد حسین سمیت دیگر کی شرکت  کی۔ فریال تالپور نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے انہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

بلاول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میاں نواز شریف سے ابھی ٹیلی فون پر بات کی،ان کی صحت سے متعلق دریافت کی اور سابق وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کی زیرصدارت 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں باقاعدہ شرکت کی دعوت دی ہے۔

اس سے قبل ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے حزب اختلاف کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں