اے پی سی کل ہو گی، مسلم لیگ ن نے شرکت کیلئے وفد کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن نے کل ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے لیے وفد کا اعلان کر دیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے 11 رکنی وفد کی قیادت پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی وفد کا حصہ ہوں گی۔

اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفد میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق بھی شامل ہوں گے اس کے علاوہ وفد میں پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، امیر مقام اور مریم اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔

حزب اختلاف نے 20 ستمبر کو اے پی سی کانفرنس کا اعلان کر رکھا ہے جس میں تمام حزب اختلاف کی جماعتیں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اے پی سی کلب روڈ کے بجائے ایف فائیو میں واقع ہوٹل میں ہوگی۔ مقام کی تبدیلی شرکا کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کی گئی۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ اورسب کچھ  دیکھیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول کا نواز شریف کو فون، اے پی سی میں شرکت کی دعوت

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام مشکل میں ہیں اور پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ حزب اختلاف کچھ کرے۔ ہم عوام کے پاس جائیں گے اور امید ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اے پی سی میں حزب اختلاف کا متفقہ لائحہ عمل بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کی بہتری کے لیے کچھ ہو گا۔


متعلقہ خبریں