وزیراعظم عمران خان کی اپنی اور صدر کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنی اور صدر مملکت کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا خاتون اور کم سن بچی سے زیادتی کے واقعات کا سخت نوٹس

وزیراعظم نے مشیر برائے  پارلیمانی امور بابر اعوان سے رابطہ کیا اور انہیں مراعات میں کمی کا قانون پارلیمنٹ سے منظور کروانے کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعظم  عمران خان نے ہدایت جاری کی کہ سرکاری خرچ پر وی آئی پی اخراجات کا کلچر ختم کریں۔

وزیراعظم  عمران خان کی ہدایت پر  مشیر پارلیمانی امور  بابر اعوان نے وزیر اعظم اور صدر مملکت کے اخراجات کم کرنے کے لیے قانون سازی پر کام تیز کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا، وزیر اعظم عمران خان

مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا اس بابت کہنا تھا کہ سربراہان مملکت کی مراعات میں کمی کا بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور سمیت عوام سے کفایت شعاری کا وعدہ پورا ہو گا۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ بل  کے ذریعے سربراہان مملکت کے کیمپ آفسز ڈکلیئر کرنے کی شق کا خاتمہ ہوگا، بل کی منظوری کے بعد صدر اور وزیراعظم صرف ایک سرکاری رہائش گاہ رکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان شہریوں کو کورونا سے بچانے والے عالمی رہنماؤں میں سب سےکامیاب قرار

وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ ماضی میں سربراہان نے ایک سے زائد رہائش گاہوں کو کیمپ آفسز کا درجہ دیا جس کی وجہ سے سیکیورٹی، ملازمین،کھانے پینے، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مد میں کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے سابق صدور اور وزرا کا سرکاری ریکارڈ بھی وزیراعظم کو پیش کر دیا۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق صدور اور وزرائے اعظم نے شاہانہ طرز زندگی کے لیے سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا، ایک صدر مملکت نے اپنی عزیزہ کا گھر صدر ہاوَس ڈکلیئر کیا۔

بابر اعوان کی جانب سے پیش کیے گئے سرکاری ریکارڈ کے مطابق لاہور اور آبائی علاقوں میں کیمپ آفس قائم کر کے صدر ہاؤس ڈکلیئر کیا گیا، رورل سندھ سے تعلق رکھنے والے سابق صدر نے 2 صدر ہاوس ڈکلیئر کیے،  ایک لاڑکانہ ریسٹ ہاوَس اور دوسرا رتو ڈیرو کا بھٹو ہاؤس ڈکلیر کیا گیا۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق جنوبی پنجاب سے ایک سابق وزیراعظم نے ملتان اور لاہور سمیت 5 مقامات کو وزیراعظم ہاوَس ڈکلئیر کیا، ایک سابق وزیراعلیٰ نے لاہور میں 7 مختلف کیمپ آفسز کو وزیراعلیٰ آفس ظاہر کیا۔

ایک سابق وزیراعظم نے 83 کروڑ روپے صرف گھر کی دیوار پر لگا دئیے۔


متعلقہ خبریں