خیبرپختونخوا: مزید چھ اساتذہ میں کورونا کی تصدیق


پشاور:  محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے مزید 6 اساتذہ میں کورونا وارئرس کی تصدیق کی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا کے 8 اسکولوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ا سکولوں میں 4 نجی 4 سرکاری ادارے شامل ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں تین، اپر دیر میں دو، ٹانک، چارسدہ، ہری پور اور مالاکنڈ میں ایک ایک ا سکول کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پشاور کے ایک سرکاری اسکول کے 5 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق

یاد رہے کہ اس سے قبل تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد  پشاور کے ایک سرکاری اسکول کے 5 اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے ترجمان نے بتایا تھا کہ اساتذہ کا تعلق گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول نمبرایک کینٹ سے ہے۔ بتایا گیا تھا کہ ایک ہفتہ قبل اساتذہ کےکوروناٹیسٹ کرائےگئےتھے جس کی آج رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا سے متاثرہ اساتذہ میں سے کوئی بھی طلبا سےنہیں ملا، اساتذہ کےدوبارہ بھی کورونا ٹیسٹ کیےجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کےکورونا ٹیسٹ سے متعلق محکمہ صحت سے بات ہو چکی ہے۔

واضح  رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں بند تعلیمی اداروں کو6 ماہ بعد ایس او پیز کے تحت کھولا گیا ہے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ  ٹیموں کو سونپی گئی ہے۔

 ایس او پیز کی خلاف ورزی پر  تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا  اور جرمانے ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسکول بلایا گیا ہے جبکہ 23 ستمبر کو چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو سکول آنے کی اجازت ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں تمام پرائمری سکول کے بچوں کو 30 ستمبر سے سکول جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

کسی بھی شخص کو درجہ  حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بچے کسی سے ہاتھ نہ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا بھی نہیں جھولیں گے۔ محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔


متعلقہ خبریں