نواز شریف کا اے پی سی سے خطاب سوشل میڈیا پر دکھانے کا فیصلہ

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز نے پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کا اپوزیش کی آل پارٹیز سے خطاب سوشل میڈیا پر دکھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کارکنان نے نوازشریف کا اے پی سی سے خطاب سوشل میڈیا پر لائیو چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

نواز شریف کے خطاب سے متعلق مریم نواز نے سوشل میڈیا پر کارکنان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ ایسا ہی کرنے جارہے ہیں، نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پر دکھائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی تلقین کرنے والوں کو نواز شریف نے روکا نہ پیمرا کو استعمال کیا گیا۔ اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟ نوازشریف کی آواز گھر گھر گونجے گی ،روک سکو تو روک لو!

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اعلان کیا ہے کہ اگر “مفرور مجرم نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو حکومت پیمرا اور دیگر قانونی آپشنز استعمال کرے گی”.

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ مفرور مجرم سیاسی سرگرمیوں کا حصہ ہو اور وہ بھاشن دے؟

معاون خصوصی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی غلط بیانی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول کا نواز شریف کو فون، اے پی سی میں شرکت کی دعوت

گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے انہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

بلاول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میاں نواز شریف سے ابھی ٹیلی فون پر بات کی،ان کی صحت سے متعلق دریافت کی اور سابق وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کی زیرصدارت 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں باقاعدہ شرکت کی دعوت دی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کی ٹوئٹ کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے لکھا “شکریہ بلاول بھٹو، آپ کے لیے بہت ساری دعائیں”.

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں