آل پارٹیز کانفرنس کا مقام تبدیل کر دیا گیا

اے پی سی میں حکومت مخالف الائنس بھی بن سکتا ہے، ذرائع پیپلز پارٹی

اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق اے پی سی کلب روڈ کی بجائے اب ایف فائیو میں واقع ہوٹل میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شریک ہوں گے

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ مقام کی تبدیلی شرکا کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کی گئی۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز نے پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کا اپوزیش کی آل پارٹیز سے خطاب سوشل میڈیا پر دکھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کارکنان نے نوازشریف کا اے پی سی سے خطاب سوشل میڈیا پر لائیو چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

نواز شریف کے خطاب سے متعلق مریم نواز نے سوشل میڈیا پر کارکنان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ ایسا ہی کرنے جارہے ہیں، نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پر دکھائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی تلقین کرنے والوں کو نواز شریف نے روکا نہ پیمرا کو استعمال کیا گیا۔ اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟ نوازشریف کی آواز گھر گھر گونجے گی ،روک سکو تو روک لو!

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا اے پی سی سے خطاب سوشل میڈیا پر دکھانے کا فیصلہ

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اعلان کیا ہے کہ اگر “مفرور مجرم نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو حکومت پیمرا اور دیگر قانونی آپشنز استعمال کرے گی”.

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ مفرور مجرم سیاسی سرگرمیوں کا حصہ ہو اور وہ بھاشن دے؟

معاون خصوصی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی غلط بیانی کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں