پاک فوج کی روس میں جاری فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت


راولپنڈی: پاک فوج کے دستے نے روس میں جاری کثیر القومی فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق فوجی مشقیں کیوکاز 2020 جنوبی روس کے شہر آسترکھان میں منعقد ہوں گی جو 21 سے26 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ فوجی مشقوں کےشرکا باہمی تجربات اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جس سے انہیں مختلف چیلنجز پردرعمل کو جانچنے کا موقع ملے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کیوکاز مشقوں میں خطے کے دیگر ممالک کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ مشقیں چیف آف جنرل اسٹاف آف دی رشین آرمڈ فورسزکی قیادت میں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیوکاز 2020 مشقوں میں 80 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے، آرمینیا، بیلاروس، چین، مینمار، پاکستان، آذربایجان، انڈونیشیا،ایران، کزاکستان، تاجکستان اور سری لنکا کے آبزرور شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مشقوں میں فضائی اور بحری افواج کے دستوں سمیت کمانڈوز،اسٹریٹجک کمانڈ اینڈ اسٹاف اور کومبیٹ اسپورٹ یونٹ حصہ لیں گے۔


اس کے علاوہ مشقوں میں توپ خانےاور ملٹیپل لارج راکٹ سسٹم اور وارگیمز، مشترکہ تربیت شامل ہوں گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشقوں میں شرکت کرنےوالی فوجی ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کرتی ہیں، پاکستان پہلےبھی روس اوروسطی ایشیائی ممالک کی فوجی مشقوں میں حصہ لے چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان نے روس، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت نے آخری لمحوں میں مشقوں میں شرکت سے راہ فرار اختیار کر لی ہے۔


متعلقہ خبریں