اپوزیشن نے کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے اے پی سی بلائی ہے، فیاض الحسن چوہان


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپوزیشن نے کرپشن کو تحفظ دینے کے لیے اے پی سی بلائی ہے جس کا نتیجہ صفر ہو گا۔

حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے معاملات سیٹ ہیں، وہ اپنی اور بیٹے کی جان بچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اب حلوے کی نہیں احتساب کے جلوے کی فکر کریں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے درجنوں ارکان پارلیمنٹ حکومت سے رابطے میں ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں  اپوزیشن  کے جو چھتیس ارکان غیرحاضر تھے وہ شہباز شریف اور آصف زرداری کی مرضی سے نہیں آئے۔

فواد چوہدری کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے، فیاض الحسن چوہان

اس سے قبل اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا  کہ اے پی سی کے نام پر اپنے مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کا اکٹھ ہے، اپوزیشن جماعتوں کی یہ بیٹھک عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں،حزب اختلاف کے رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے ملکی دولت کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اپوزیشن رہنما ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اوریہ اے پی سی بھی ناکام رہے گی۔

عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتا ہوں، عثمان بزدار


متعلقہ خبریں