بلاول سے ملاقات، مولانا فضل الرحمان  نے اے پی سی میں شرکت کی حامی بھر لی



اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حزب اختلاف کی جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کریں گے۔

مولانا  فضل الرحمان سے ملاقات  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اچھی اور تفصیلی ملاقات ہوئی۔ مولانافضل الرحمان کل ہماری اے پی سی میں بھی آئیں گے۔ پریس کانفرنس کل تفصیل کے ساتھ ہوگی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی  نے کہا کہ اے پی سی کے بعد متحدہ اپوزیشن کا متفقہ لائحہ عمل سامنے آئے گا۔

صحافی کے سوال پر کہ آیا کیا وزیراعظم، اسپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن زیر غور ہے؟ بلاول نے جواب دیا کل دیکھیں گے، اے پی سی کے بعد پتہ چل جائے گا۔

اس اسے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملنے کے لیے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بھی بلاول کے ہمراہ  مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر گئے تھے۔

اس سے قبل  چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر مینگل کو ٹیلی فون کیا۔ بلاول نے اے پی سی میں بی این پی کا وفد بھیجنے کے فیصلے پر اختر مینگل کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول کا نواز شریف کو فون، اے پی سی میں شرکت کی دعوت

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالمالک کو بھی ٹیلی فون کیا۔ بلاول بھٹو نے ڈاکٹرعبدالمالک کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعبدالمالک نے بلاول بھٹو کو اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حزب اختلاف نے 20 ستمبر کو اے پی سی کانفرنس کا اعلان کر رکھا ہے جس میں تمام حزب اختلاف کی جماعتیں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اے پی سی کلب روڈ کے بجائے ایف فائیو میں واقع ہوٹل میں ہوگی۔ مقام کی تبدیلی شرکا کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کی گئی۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ اورسب کچھ  دیکھیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام مشکل میں ہیں اور پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ حزب اختلاف کچھ کرے۔ ہم عوام کے پاس جائیں گے اور امید ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اے پی سی میں حزب اختلاف کا متفقہ لائحہ عمل بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کی بہتری کے لیے کچھ ہو گا۔

 


متعلقہ خبریں