اپوزیشن سے کرپشن کے سوا ہر چیز پر سمجھوتے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپوزیشن سے کرپشن کے سوا ہر چیز پر سمجھوتا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

فیس بک سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ چوری کیا ہوا پیسہ واپس آئے جب کہ اپوزیشن اس بات میں دلچسپی رکھتی ہے کہ ان کا چوری کا پیسہ محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے ملک اور جمہوریت کی خاطر ہر طرح کا سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم کرپشن پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی میں ہمارے ملک کے حکمران منی لانڈرنگ میں ملوث رہے، جس کی وجہ سے ملک کی معیشت کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گرے لسٹ میں ماضی کی حکومتوں سے تھا۔ ہمیں دنیا کےساتھ چلنا ہے، عالمی قوانین پر عمل کرنا ہے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قانون ملک کے مفاد میں ہے. ہماری کوشش تھی ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر قانون سازی کریں. اپوزیشن نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی. اپوزیشن کی کوشش تھی کہ اپنے لیڈران کی کرپشن کیسے بچانی ہے.

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس قانون سازی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا۔ ہم نے عوام کو آگاہ کیا کہ یہ قانون سازی کتنی ضروری ہے۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں لانا فیٹف سیکریٹریٹ کا کام ہے۔ اللہ کا شکر ہے قانون سازی ہوگئی اور اپوزیشن بے نقاب ہوگئی۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کل ہو گی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں