شہباز شریف، نواز شریف اور بھتیجی کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں، فیاض الحسن


لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن نے کہا ہے کہ شہباز شریف کئی سال سے نواز شریف اور بھتیجی کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے پی سی میں مریم نواز کی شرکت اپنے چچا شہباز شریف پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے اور شہباز شریف گزشتہ کئی سال سے نواز شریف اور بھتیجی کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو نواز شریف کے واپس آنے یا مریم نواز کے لندن جانے سے کوئی سروکار نہیں ہے بلکہ ان کا واحد مقصد اپنے اور اپنے بیٹے کے خلاف کیسز سے جان چھڑانا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حزب اختلاف کا قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذریعے احتساب بند کرنے کا دعویٰ این آر او کی فرمائش کے مترادف ہے کیونکہ یہ چاہتے ہیں کہ نیب غیر فعال اور ان کی کرپشن کا آلہ کار بن جائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے حزب اختلاف کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الائیڈ پارٹیز فار کرپشن کے ہاتھ اس دفعہ بھی رسوائی اور جگ ہنسائی ہی آئے گی اور آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن ایک دفعہ پھر تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کر لے لیکن اس کا حال بھی چیئرمین سینیٹ اور فیٹف قانون سازی کے خلاف لائی جانے والی تحاریک جیسا ہی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اخترمینگل نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس سیاسی مافیا کے خلاف ملکی بقا اور خوشحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انشا اللہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا یہ سفر آئندہ 3 سال بھی جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں