جتنی مرضی اے پی سی کر لیں این آر او نہیں ملے گا، شہباز گل


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ حزب اختلاف جتنی مرضی اے پی سی کر لے انہیں این آر او نہیں ملے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعطم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا لیکن لوٹ مار ایسوسی ایشن کا نظریہ صرف جھوٹ پر مبنی ہے۔ اے پی سی کا اجتماع لوٹی رقم بچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب اپنا پیسہ ہوتا ہے تو اس وقت ایک انگلی کھڑی ہوتی ہے اور جب سارے چور اکٹھے ہوجائیں تو سمجھ لیں کہ ایماندار تھانیدار آگیا ہے۔ اے پی سی کا مطلب آل پاکستان لوٹ مار کمیٹی ہے اور جب ان سے حساب مانگا جائے تو کہتے ہیں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ آج ایک بار پھر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن اکٹھی ہو رہی ہے جبکہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ نہ ہونے سے حزب اختلاف کی پیاس بجھ نہیں رہی۔ نوزائیدہ لیڈر بلاول زرداری کی چند سیٹیں بھی پنجاب میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کرپٹ اشرافیہ کا گٹھ جوڑ ہے جبکہ شریف فیملی خود کو کسی زمانے میں خطے کا فرعون سمجھتی تھی تاہم اب شریف فیملی بلاول بھٹو کی بارگاہ میں حاضر ہو رہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خلاف قانون سازی پر حزب اختلاف کو اتنا مسئلہ کیوں ہے ؟ قلیل عرصے میں اتنی اے پی سیز قوم نے نہیں دیکھیں جبکہ ماضی میں حزب اختلاف کی یہ جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف کیا کچھ نہیں کہتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرائے کے ترجمان اور لوٹے اپنا سامان باندھ لیں، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ سب ایک ہی چیز مانگ رہے ہیں اور وہ این آر او ہے لیکن حزب اخلاف جو مرضی کر لے این آر او نہیں ملے گا۔ آج شہباز شریف علی بابا چالیس چور کے گھر آ رہے ہیں اور آصف زرداری کہتے تھے جب بھی نواز شریف کو حکومت ملی ملک کنگال ہوا۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے شب و روز محنت کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور عمران خان کے آنے کے بعد بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کی عزت افزائی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں