لاہور: شہری کی مدد، رہنمائی نہ کرنے پر ایک اور ہیڈ کانسٹیبل گرفتار

لاہور: شہری کی مدد، رہنمائی نہ کرنے پر ایک اور ہیڈ کانسٹیبل گرفتار

لاہور: سی سی پی او لاہور نے شہری کی مدد اور رہنمائی نہ کرنے پر ایک اور ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل بلال کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔

سی سی پی او لاہور نے صبح سویرے پولیس ریسپانس چیک کرنے کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کی اور عام شہری بن کر مدد مانگی لیکن چوکی ہلوکی کی پیٹرولنگ گاڑی پر موجود ہیڈ کانسٹیبل نے مدد کرنے کے بجائے تھانہ کاہنہ رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ روز بھی مقدمات کے اندراج میں تاخیر اور ناقص تفتیش کرنے پر لاہور پولیس کے 5  افسران کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور اختیارات کا ناجائز استعمال، ناقص تفتیش اور شواہد مسخ کرنے پر افسران کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق سابق ایس ایچ او گجر پورہ انسپکٹر رضاجعفری کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا۔ اے ایس آئی عمران احمد، محمد عمران اور شہزاد بٹ کے خلاف شواہد مسخ کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق  اے ایس آئی ارشاد کو غیر ملکی خاتون سے رشوت طلب کرنے پر حوالات میں بند کیا گیا اور اے ایس آئی ارشاد کو تھانہ باٹا پور میں مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: مقدمات کے اندراج میں تاخیر اور ناقص تفتیش کرنے پر 5 پولیس افسران گرفتار

دوسری جانب کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور عمر شیخ نے کہا ہے کہ اگر کسی بھی پولیس افسر یا اہلکار نے شہریوں کی داد ر سی میں تاخیر کی تو سخت کارروائی ہوگی۔افسران مقدمات کی تفتیش میں شواہد کو مد نظر رکھتے ہوئے میرٹ پر چالان لکھیں۔


متعلقہ خبریں