ملکہ ترنم نورجہاں کی آج 94ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

ملکہ ترنم نورجہاں کی آج 94ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کی نامور اداکارہ اور گلوکار ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 94 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ وہ 21 ستمبر 1926 کو قصور میں پیدا ہوئی تھیں۔

نورجہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار 1935 میں کیا۔ فلم گل بکاﺅلی میں کمال کی اداکاری نے اداکارہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہی وہ فلم تھی جس سے بطور گلوکارہ بھی ان کی شہرت اور مقبولیت کا آغاز ہوا۔

ملکہ ترنم نے 1941 میں موسیقار غلام حیدر کی فلم خزانچی میں پہلی بار پلے بیک سنگر کے طور پر کام کیا۔ قیام پاکستان سے پہلے ان کی دیگر معروف فلموں میں، دوست، لال حویلی، بڑی ماں، نادان، نوکر، زینت، انمول گھڑی اور جگنو کے نام سرفہرست ہیں۔

قیام پاکستان کے بعد انہوں نے فلم چن وے سے اپنے پاکستانی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس فلم کی ہدایات بھی انہی نے دی تھی۔ بطور اداکارہ ان کی دیگر فلموں میں گلنار، دوپٹہ، پاٹے خان، لخت جگر، انتظار،نیند، کوئل، چھومنتر، انار کلی اور مرزا غالب کے نام شامل ہیں۔

بعد ازاں ملکہ ترنم نے اداکاری کو خیرباد کہہ کر اپنے آپ کو گلوکاری تک محدود کردیا۔ ایک ریکارڈ کے مطابق انہوں نے 995 فلموں کے لئے نغمات ریکارڈ کروائے۔ ان کی آواز کا سحر آج بھی مداحوں پر طاری ہے۔

حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشان امتیاز عطا کیا جبکہ ان کے مداحین نے انہیں 18 برس کی عمر میں ہی ملکہ ترنم کا خطاب عطا کر دیا تھا۔

ملکہ ترنم نورجہاں 23 دسمبر 2000 کو دنیا سے رخصت ہوئیں اور کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔


متعلقہ خبریں