کراچی میں فیکٹری کی عمارت گر گئی، 2 افراد زخمی


کراچی: کراچی کے علاقے شیرشاہ میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ دو افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔

شیر شاہ میں گارمنٹس کی فیکٹری کی چھت اچانک اس وقت گر گئی جب ملازمین فیکٹری میں موجود تھے۔ فوری طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کا ملبے ہٹانے اور ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق عمارت کی گرنے والے چھت بوسیدہ تھی اور اس کے نیچے زیادہ افراد موجود نہیں تھے تاہم دبے افراد کی درست تعداد بتانا مشکل ہے۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) علی مہدی نے کہا کہ عمارت میں کوئی نقص ہو گا جس کی وجہ سے وہ گری ہے۔ جو عمارتیں گرتی ہیں ہم ان کا سروے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہے جس کی وجہ سے عمارتیں متاثر ہو رہی ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید عمارتیں گرنے کے واقعات سامنے آنے کا خدشہ ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شیر شاہ میں فیکٹری عمارت کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر اور کمشنر کراچی کو فوری طور پر حادثے کی جگہ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ متعلقہ حکام ملبے تلے پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے اقدامات کریں۔

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے باعث شہر کی کئی عمارتیں کمزور ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ کچھ دنوں میں عمارتیں گرنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں