نواز شریف کی تقریر لکھنے اور کروانے والوں نے انکے پاؤں پر کلہاڑی ماری، چودھری شجاعت


گجرات: مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جن مشیروں نے نواز شریف کی تقریر لکھی اور کروائی انہوں نے نوازشریف کے پاؤں پر کلہاڑی ماری۔

یہ بھی پڑھیں: کسی ادارے سے کبھی کوئی قرضہ معاف نہیں کرایا، چودھری شجاعت حسین

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر کا مفہوم یہ ہے کہ وہ  سیاستدانوں کے نہیں اداروں کے خلاف ہیں کیونکہ انہوں نے سیاست دانوں کے بجائے اداروں کو ہدف بنایا۔

رہنما مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہر دفعہ اقتدار ملنے کے بعد اداروں کو کمزور کیا، نوازشریف کو قومی استحکام، یکجہتی اور ملکی سلامتی کے اسباب پیدا کرنے چاہیے تھے جو کہ انہوں نے نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے مطابق ملک کو لیبارٹری بنا دیا گیا جبکہ اس کی بنیاد انہوں نے خود رکھی تھی، نواز شریف نے 1990 کے الیکشن میں دن 12 بجے خود ہی رزلٹ کا اعلان کر دیا۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہی الیکشن کمیشن کو درخواست کی تھی کہ فوج الیکشن کی ذمہ داری لے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے اداروں پر انتخابات کو ہائی جیک کرنے اور بددیانتی کا الزام لگایا، یہی کام  نواز شریف خود وزیراعظم بننے  کے لیے کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حالات میں پرویز مشرف والا کٹا کھولنے کا کیا فائدہ ہوگا، چودھری شجاعت حسین

ق لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین نیب کی نامزدگی خود نواز شریف نے ہی کی تھی، فیصلے نوازشریف نے نہیں بلکہ عوام نے کرنے ہیں۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب عوام دوبارہ بددیانتی کے فیصلوں کو قبول نہیں کرے گی۔


متعلقہ خبریں