ڈاکٹر ماہا مبینہ خودکشی کیس: ضمانت مسترد ہونے پر ملزمان کی فرار ہونے کی کوشش


کراچی: سٹی کورٹ کراچی میں ڈاکٹر ماہا شاہ مبینہ خودکشی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان جنید اور وقاص کی ضمانت مسترد کردی۔

ضمانت مسترد ہونے پر ملزم وقاص اور جنید کمرہ عدالت سے فرار ہوئے۔ سٹی کورٹ کے باہر تفتیشی افسر نے رکشہ کےذریعے جنید کو پکڑ لیا۔

تفتیشی افسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا نے جنید کو فرار کروادیا۔ ملزم جنید نے الزام لگایا کہ تفتیشی افسر نے مجھ سے ایک لاکھ روپے لیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مقامی عدالت نے ملزمان جنید اور وقاص کی ضمانت میں توسیع کردی تھی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر 19 اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر ماہا کی لاش ان کے گھر سے ملی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی: خاتون کی تین بچوں کے ہمراہ مبینہ خود کشی

یاد رہے کہ 4 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد پولیس نے میرپور خاص کی مقامی عدالت  سے ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کی اجازت کی درخواست کی تھی۔

پولیس کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ جناح اسپتال کے ڈاکٹر عرفان کی رپورٹ غلط ہے، جس  کے مطابق گولی  بائیں جانب سے ڈاکٹر ماہا کے سر میں داخل ہو کر دائیں جانب سے نکل گئی۔

پولیس نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ رپورٹ کی تصدیق کے لیے خاتون ڈاکٹر کی قبر کشائی ضروری ہے۔ خاتون ڈاکٹر کی تدفین میرپور خاص  میں کی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں