پنجاب کابینہ نے درآمدی گندم ٹی سی پی سے خریدنے کی منظوری دے دی

فائل فوٹو


وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس  میں درآمدی گندم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) سے خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں محکمہ خوراک حکومت پنجاب کو درآمدی گندم خریدنے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی گندم کی نئی امدادی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ فصل کی بوائی سے قبل گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔کمیٹی سفارشات کی روشنی میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا جائزہ لیں گے۔۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب واجد صوبہ ہے جہاں آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ گندم اور آٹے کی قیمتو ں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے دو سال سے گندم کی پیداوار کم ہوئی‘

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ مستقبل میں صوبے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پیشگی اقدامات کیے جائیں۔عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عوام کو ریلیف دینے پر پوری توجہ دی جائے۔

اجلاس میں ہاتھی چوک راولپنڈی میں دھماکے کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد دینے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران،معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

خیا رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم و چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا نجی شعبے کے ساتھ  ٹی سی پی کی جانب سے بھی گندم درآمد کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو گندم کی دستیابی کی صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے یومیہ ریلیز کی جانے والی گندم پر بریفنگ دی گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے سے متعلق گندم اور چینی کی درآمد کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں