ملک بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

انسداد پولیو مہم کے دوران فائرنگ: دو پولیس اہلکار شہید

اسلام آباد: ملک بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ چھوٹے بڑے تمام شہروں میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔ 

کورونا وبا کے سات ماہ بعد اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کشمیر میں انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔ قومی انسداد پولیو مہم میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پنجاب کے ضلع راجن پور میں مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ذوالفقارعلی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ گوجرانوالہ میں بھی پانچ روز مہم کا آغاز ہوگیا۔ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں محکمہ صحت نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلانے کے لیے 142 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

سیالکوٹ میں قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق نے کیا۔ حافظ آباد، بھورے والا، کبیروالا، جلالپور پیروالا، منڈی بہاوالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورڈیرہ غازی خان میں بھی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں مزید 3 پولیو کیسز سامنے آ گئے

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، مہم کے دوران دو لاکھ 90 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

بلوچستان کے علاقے ہرنائی اور چمن میں بھی پچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، پاک ایران سرحدی تحصیل تفتان میں بھی پولیو مہم شروع کردی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پانچ روز مہم کے دوران دو لاکھ پچاسی ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں میئراسلام آباد شیخ انصرعزیز نے بچوں کو پولیو سے بچاوَ کے قطرے پلائے۔

اسم موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد میں تقریبا ساڑھے 3 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گی۔ قومی انسداد پولیو مہم 21 سے 25 ستمبر تک ہوگی۔

میئر اسلام آباد نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 3 روز جبکہ دو روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والےبچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔


متعلقہ خبریں