حل طلب تنازعات اقوام متحدہ کی ناکامی کےثبوت ہیں، شاہ محمود

ترک وزیرخارجہ نے اسلام فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو سراہا۔

فائل فوٹو


اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بنی نوع انسان کو متحد کرنے میں ناکام رہیدنیا میں موجود حل طلب تنازعات اس کی ناکامی کے ثبوت ہیں۔

اقوم متحدہ جنرل اسمبلی کے75ویں اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ڈائمنڈ جوبلی منانا ایک تاریخی اور باوقار انداز میں خود احتسابی کا موقع ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ75ویں اجلاس کے موقع پر ہمیں اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں کی طرف پلٹ کر دیکھنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کے ادارے کے وجود نے تاریخی ضروری تقاضا پورا کیا تھا۔ اس کا سب سے ضروری تقاضا تھا آئندہ نسلوں کو جنگ کے عفریت سے بچایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی کامیابیوں کے ساتھ ناکامیوں کو بھی ملا کر دیکھنا ہوگا۔ کشمیر، فلسطین کے دیرینہ تنازعات واضح ناکامی کے ثبوت ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ نے جموں کشمیر کے عوام سے استصوا ب رائے کے حق کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ استصواب رائے کے حق کے آج بھی منتظر ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فیصلوں کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ اس ادارے پر گپ شپ کی جگہ کا طنز ہو رہا ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل کے معاملے پر باہمی تعاون کم ترین سطح پر رہا۔ عالمی ماحول کے تحفظ اور ترقی کے کلیدی معاہدے اٹھاکر پھینکے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں نسل پرستانہ اور فسطائی قوتیں دوسری جنگ عظیم کا موجب بنیں۔  انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ طاقت کے بہیمانہ استعمال کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 26ممالک کے 47مشنز میں دو لاکھ فوجی مہیا کئے اور مشنز کے دستوں میں سےہمارے157جوان شہیدہوئے۔

پاکستان دنیا میں سب سے بڑی تعداد میں مہاجرین کی میزبانی کرنے والاملک ہے۔ ہم شکوہ نہیں کر رہے لیکن پاکستان اپنےحصے سے زیادہ وزن اٹھا رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پرجتنی ذمہ داری آج ہے پہلےکبھی نہ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہرشخص محفوظ نہیں ہوگا، کوئی محفوظ نہیں رہےگا۔ موسمیاتی تبدیلی معاشی ترقی پربرے اثرات مرتب کر رہی ہے۔ کورونا وائرس سےغریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

منیراکرم نے کہا کہ کورونا سے نمٹنےکےلیےترقی یافتہ ممالک نے کھربوں ڈالر خرچ کیے لیکن ترقی پذیرممالک کو اپنے محدود وسائل کا چھوٹاحصہ بھی مختص کرنےمیں مشکلات ہیں۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ کورونا نےعدم مساوات کی حقیقت کو ظاہرکیا ہے۔ کورونا ویکسین ہرجگہ اور ہرشخص کومناسب قیمت پردستیاب ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں