تین بارڈر مارکیٹیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں قائم کی جارہی ہیں، عاصم باجوہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین چائنہ پاکستان اکنامک کورویڈور (سی پیک) اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ اٹھارہ میں سے3 بارڈر مارکیٹیں پائلٹ پروجیکٹ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں قائم کی جارہی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے نظر انداز کیے گئے علاقوں پر توجہ دینے پر زور دیا ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کے علاقوں میں مند اور گبد میں یہ مارکیٹیں قائم کی جارہی ہیں، اقدام سے مقامی معیشت بہتر اور اسمگلنگ کی روک تھام ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی

چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں کے قیام سے ہمسایوں سے تجارت میں بہتری آئے گی۔

قبل ازیں چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ اہم ترین ایم 8 شاہراہ کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جس کی تعمیر سے گوادر بندرگاہ تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

انہوں ںے کہا کہ علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی اور استحکام آئے گا اور ان منصوبوں سے علاقے میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، عاصم سلیم باجوہ

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ علاقے کے عوام کو وہ سب دیا جا رہا ہے جس کے وہ دہائیوں سے منتظر تھے۔ سی پیک کی منصوبوں پر کام دن رات جاری ہے۔


متعلقہ خبریں