کل سے چھٹی تا آٹھویں جماعت کی کلاسیں شروع ہوں گی،شفقت محمود



اسلام آباد: عالمی وبا کورونا وائرس کم ہونے کے بعد پاکستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہو جائے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کل سے چھٹی تا آٹھویں جماعت کی کلاسیں شروع ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزادکشمیر،گلگت بلتستان میں چھٹی تا آٹھویں جماعت کی کلاسز شروع ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ابھی اسکول کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا،انہوں نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق مزید ایک ہفتہ کا وقت مانگا ہے، آزاد کشمیر کے ضلع راولا کوٹ میں مڈل کلاسز نہیں لگے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے صحت کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا،  7 روز بعد پرائمری اسکولزکھولنے کا فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،ملک بھر میں تعلیمی ادارے این سی او سی کے فیصلے کے تحت کھولے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا کی شرح دیگر ممالک سے انتہائی کم ہے، تعلیمی اداروں کی ایس او پیز سے متعلق سخت مانیٹرنگ کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی اوسی میں فیصلہ ہوا تھا کوئی بھی ادارہ امتحان لے سکتا ہے۔

این سی او سی کے اعلان کے بعد وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا تھا کہ کل سے چھٹی اور آٹھویں کلاسز شروع ہوں گی اور پنجاب میں پرائمری کلاسز کا آغاز 30 ستمبر سے ہوگا۔

وزیرتعلیم خیبرپختونخوا شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ ان کے صوبے میں چھٹی سے آٹھویں تک کلاسز کل سے شروع ہوں گی اور تعلیمی اداروں میں کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے گا۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں پرائمری اسکول کھول دیئےجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے تمام تعلیمی اداروں میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

وزارت تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا اور28 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھولنے کا فیصلہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے خود مختار ہیں۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے بھی تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق سی این او سی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں یونیورسٹی، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طالبعلموں کو بلایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں6ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

دوسرے مرحلے میں23 ستمبر کو چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو سکول آنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام پرائمری سکول کے بچوں کو 30 ستمبر سے سکول جائیں گے۔

پہلے مرحلے کے بعد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر ملک بھر میں مجموعی طور پر35 تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا تھا۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر صوبائی حکومت نے چھٹی سےآٹھویں جماعت تک اسکول کھولنے کی تاریخ ایک ہفتہ آگے بڑھا دی ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے دوبارہ بند کرنے کا جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ تدریسی عمل کو تباہ کر دے گا۔ چھ ماہ سے تدریسی عمل کی بندش نے طلبہ کو بری طرح متاثر کیا تاہم ان کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں