کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شدت اختیار کر گئی


کراچی: شہر قائد میں بجلی کی بحران شدت اختیار کر گیا۔ بجلی کی طلب و رسد میں 600 میگاواٹ کا فرق پیدا ہو گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کراچی کے رہائشی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ کورنگی کے مختلف علاقوں میں 11 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن اور لیاقت آباد کے علاقے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے زیادہ متاثر ہیں جبکہ بجلی کی طلب و رسد کا فرق 600 میگاواٹ تک چلا گیا ہے۔ کراچی میں بجلی کی موجودہ طلب 3 ہزار میگاواٹ ہے۔

ایس ایس جی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو معاہدے کے مطابق 190 سے 200 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے 50 اور 60 ملین مکعب فٹ گیس کی فراہمی اب ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کے بیشتر یونٹس کو فرنس آئل کے ذریعے چلایا جا رہا ہے گیس کی کمی کی وجہ سے کمبائن ری سائیکل پاور پلانٹ ہارون آباد کو چلانے میں دشواری کا سامنا ہے جو لوڈشیڈنگ کا سبب بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تین بارڈر مارکیٹیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں قائم کی جارہی ہیں، عاصم باجوہ

شہر کے بیشتر علاقوں میں شدید لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں اور رات 12 بجے کے بعد ہونے والی لوڈشیڈنگ شہریوں کے لیے دوہرا عذاب بن گئی ہے۔


متعلقہ خبریں